نئی دہلی، 7/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) مودی سرنیم کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد، پیر یعنی 7 اگست کا دن کانگریس کے لیے بہت خاص ہے کیونکہ آج اس بات کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے کہ راہل گاندھی کب تک پارلیمنٹ میں واپس آئیں گے۔ لوک سبھا حکام کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی پڑھنے کے بعد ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
جمعہ کو سپریم کورٹ نے راہل گاندھی کو راحت دیتے ہوئے ان کی سزا پر روک لگا دی تھی۔ تب سے ان کی لوک سبھا کی رکنیت کو لے کر بحث شروع ہوگئی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی کہا ہے کہ دیکھتے ہیں کہ راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت کب تک بحال ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق لوک سبھا حکام کا کہنا ہے کہ عام طور پر عدالت کا فیصلہ پڑھنے کے 30 منٹ کے اندر اندر کارروائی شروع کر دی جاتی ہے اور اس طرح کے نوٹیفیکیشن سے متعلق فارم لوک سبھا سیکرٹریٹ کے پاس ہوتے ہیں۔
کانگریس ہائی کمان نے آج پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کی میٹنگ بھی بلائی ہے، جس میں راہل گاندھی کی رکنیت بحال کرنے کے مطالبے پر بات کی جا سکتی ہے۔